حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کی میزبانی میں اور سندھ ایگریکلچر ویمن ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے تعاون سے ”زرعی ترقی اور خواتین کی خودمختاری: چیلنجز اور مستقبل کے امکانات” کے عنوان سے دو روزہ عالمی کانفرنس 15 جنوری 2025 سے شروع ہوگی۔کانفرنس کا مقصد خواتین کی پائیدار زراعت میں خودمختاری کو فروغ دینا ہے، جہاں زراعت کی ترقی میں خواتین کو درپیش چیلنجز اور مواقع پر روشنی ڈالی جائے گی۔ معروف ماہرین اور محققین کانفرنس میں شرکت کریں گے اور اپنے تجربات اور جدید طریقہ کار کا تبادلہ کریں گے۔ اس موقع پر خواتین کی خودمختاری کے فروغ کے لیے ایک عملی فریم ورک بھی ترتیب دیا جائے گا۔کانفرنس کے مقاصد میں خواتین کو درپیش چیلنجز کو اجاگر کرنا، ان کے کردار اور ذمہ داریوں کو نمایاں کرنا، اور جدید پالیسیز اور پروگرامز کے ذریعے خواتین کو خود مختار بنانا شامل ہیں۔اس حوالے سے وائس چانسلر سندھ زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر فتح مری کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر اعجاز سومرو، ڈاکٹر شبانہ میمن، ڈاکٹر محمودہ برڑو، ڈاکٹر آسیہ اکبر پنہور اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں تاکہ کانفرنس کے انعقاد کو کامیاب بنایا جا سکے۔کانفرنس کے دوران مختلف ٹیکنیکل سیشنز، نمائش، اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا، جس سے خواتین کو زراعت کے شعبے میں درپیش چیلنجز کے حل اور مواقع کو تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر ڈاکٹر فتح مری نے کہا کہ خواتین کی زراعت میں خودمختاری کا مقصد نہ صرف قومی بلکہ عالمی سطح پر غذائی تحفظ کو بہتر بنانا ہے، اور یہ کانفرنس اس مقصد کے حصول کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوگی۔