اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ 8 جنوری کو اڈیالہ جیل کے دورے کیلیے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ دیا ہے، کمیٹی کے دورے میں عامر ڈوگر، ڈاکٹر امجد نے بھی شریک ہونے کا کہا ہے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا خان کی زیر صدرات ہوا۔ کمیٹی کو این سی آر سی کی چیئر پرسن عائشہ رضا فاروق نے بتایا کہ 18 سال سے کم عمر بچوں کی شادیوں پر قابو پانے کیلیے بل پر کام کر لیا گیا ہے، چائلڈ ٹریفکنگ اور اسکول سے باہر بچوں کو اسکولوں میں لانے کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر کوششیں کر رہے ہیں، پرائمری سطح پر بچوں کو فری تعلیم دینے کیلیے پالیسی کے حوالے سے صوبوں سے معاملات طے کیے ہیں۔ اجلاس میں وزارت انسانی حقوق کے سیکرٹریز اور دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔