اسلام آباد(اے پی پی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کو بتایا گیاکہ سرکاری حج اسکیم میں 5 ہزار افراد کا کوٹہ موجود ہے، چند دن تک مزید درخواستیں لیں گے۔ جمعرات کو وزارت مذہبی امور کے کمیٹی روم میں اجلاس کمیٹی کے چیئرمین ملک عامر ڈوگر کی زیر صدارت ہوا جس میں کمیٹی کے ارکان سمیت وزارت مذہبی امور کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمیٹی کے چیئرمین ملک عامر ڈوگر نے کہاکہ ہر سال حج انتظامات میں بہتری آ رہی ہے جس پر وفاقی وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین نے قائمہ کمیٹی کی طرف سے حج انتظامات کی ستائش پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی رہنمائی میں مزید بہتری لائیں گے ۔ کمیٹی کے چیئرمین ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ نجی حج کمپنیاں وزارت کی معاونت کر تی ہیں۔ وزارت مذہبی امور ان کی سرپرستی کرے‘ سیکرٹری مذہبی امور نے کہاکہ کوشش کررہے ہیں کہ حج اخراجات 11لاکھ سے کم رہیں۔ کمیٹی کو بریفنگ میں بتایاگیاکہ سرکاری حج اسکیم میں 5ہزار کا کوٹہ موجود ہے ، چند دن تک مزید درخواستیں لیں گے۔ وزارت کی جانب سے بتایاگیا کہ منی میں ہرمیٹرس پر مخصوص نمبر لگا کر حجاج کو الاٹ کیاجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سا ل 218 نجی کمپنیوں کے خلاف 764 شکایات موصول ہوئیں ۔