”اڑان پاکستان” پروگرام ملکی معیشت کو مضبوط بنائے گا، ملک خدا بخش

73

کراچی(کامرس رپورٹر)ایف پی سی سی آئی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے” انرجی” کے کنوینر،یونائٹیڈ بزنس گروپ کی مرکزی کور کمیٹی کے ممبر اور پیٹرولیم وسی این جی سیکٹر کے معروف ایکسپرٹ ملک خدا بخش نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اعلان کردہ ملک کی پائیدار ترقی کے حامل پانچ سالہ قومی اقتصادی منصوبے ”اڑان پاکستان” کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اور اس منصوبے کو ملکی معیشت کی ترقی کا ضامن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حقیقت ہے کہ ٹیکس کی شرح اور تعداد کم کرنے سینہ صرف ریونیو زیادہ ملے گا بلکہ پاکستان کو آگے لے جانے میں مدد مل سکے گی۔ ملک خدا بخش نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم کی ملک کیلئے زیادہ ریؤنیو حاصل کرنے کی یہ سوچ مثبت ہے کہ ٹیکس کی شرح میں 10 سے 15 فیصد کمی کردی جائے تو ٹیکس چوری میں بھی کمی ہو گی ٹیکس دینے والوں کی تعداد بھی بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اٹل حقیقت ہے کہ اگر ملک کے ادارے اور حکومت مل کر کام کر تے رہیں تو کامیابی توقعات سے بھی پہلے حاصل ہو جاتی ہے۔ ملک خدا بخش نے کہا کہ قیام پاکستان کے چند سال بعد سے اب تک کھربوں روپے کی کرپشن کی گئی مگر اب بھی کچھ نہیں بگڑا ہے، ہمارے حکمرانوں اور تمام سیاستدانوں کو ماضی سے سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا، یہ درست ہے کہ اشرافیہ کو اب ملک کیلئے قربانی دینا ہوگی‘ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں میثاق معیشت پر اتفاق کریں تاکہ ملک میں جو مسائل جنم لے چکے ہیں انکا خاتمہ ہوسکے۔ انکا کہنا تھا کہ ’’اڑان پاکستان‘‘ قومی ترقی کیلئے ایک جامع پروگرام ہے۔