ایوش نے سب سے چھوٹی عمر میں 150رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا

114

(تحریر:سید پرویز قیصر) ممبئی کے ایوش مہاترے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے چھوٹی عمر میں 150رنزبنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے نا گا لینڈ کے خلاف احمد آباد میں وجے ہزارے ٹرافی کے میچ میں117 چوکوں اور گیارہ چھکوں کی مدد سے181 رنز بناکر ایسا کیا۔ جس دن انہوں نے یہ اننگ کھیلی تھی اس دن انکی عمر17 سال اور168 دن تھی۔اپنے پانچویں ایک روزہ میچ میں انہوں نے انگریش رو گھونشی کے ساتھ اننگ کا آغاز کیا تھا اور پہلے وکٹ کی شراکت میں 24.5 اوور میں156 رنز جوڑے تھے۔ انگریش روگھونشی کے آئوٹ ہونے کی وجہ سے یہ شراکت ٹوٹی تھی جو66گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے56 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تھے۔ انکے آئوٹ ہونے کے بعد ایوش مہاترے نے اپنی اننگز جاری رکھی تھی اور 117 چوکوں اور گیارہ چھکوں کی مدد سے181 رنز بناکرآئوٹ ہوئے۔ انکی اس اننگز کی بدولت ممبئی نے مقر رہ 50 اوور میں سات وکٹ پر 403 رنز بنائے اور ناگا لینڈ کو 50 اوور میں نو وکٹ پر روکنے کے بعد میچ189 رنز سے جیت لیا۔ایوش مہاترے نے اپنے ایک روزہ کرکٹ میچوں کے کیریر کی شروعات اسی سیزن میں کرناٹک کے خلاف احمد آباد میں21 دسمبر 2024 کو کی تھی۔ اس میچ میں وہ82 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے78 رنز بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ اس میچ میں ممبئی کو سات وکٹ سے شکست ہوئی تھی۔ان سے پہلے ایک روزہ کرکٹ میں سب سے چھوٹی عمر میں150رنز بنانے کا ریکارڈ ممبئی کے ہی یشسوی جیسوال کے پاس تھا جنہوں نے وجے ہزارے ٹرافی میں جھار کھنڈ کے خلاف الور ، بنگلور میں16 اکتوبر2019 کو ہوئے میچ میں154 گیندوں پر سترہ چوکوں اور بارہ چھکوں کے ساتھ203 رنز بنائے تھے تو وہ سترہ سال اور 291 دن کے تھے۔ وہ ایک روزہ کرکٹ میں سب سے چھوٹی عمر میں ڈبل سنچری بنانے والے بلے باز ہیں اور انکی یہ ڈبل سنچری کسی بھارتی کھلاڑی کے زریعے بنائی گئی نویں ڈبل سنچری تھی۔ انکی ڈبل سنچری کی بدولت ممبئی نے مقررہ پچاس اوور میں تین وکٹ پر 358 رنز بنانے کے بعد جھار کھنڈ کو46.4 اوور میں319 رنز پر آئوٹ کرکے میچ39 رنز سے جیتا تھا۔ روبن اتھپا ایک روزہ کرکٹ میں ایک سو پچاس سے زیادہ رنز کی اننگ کھیلنے والے تیسرے سب سے کم عمر کھلاڑی ہیں۔