لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانیہ میں 4برس کے دوران شراب نوشی کی وجہ سے اموات میں تباہ کن اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق 2023 ء میں شراب نوشی کی وجہ سے 8ہزار 200 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے جو 2019 ء کے مقابلے میں 42 فیصد زیادہ ہے۔ الکحل ہیلتھ الائنس یوکے کا کہنا ہے کہ یہ حالت ناقابل قبول ہے کہ الکحل سے ہونے والی اموات ریکارڈ بلند سطح پر پہنچ گئی ہے ۔ یہ صورت حال برطانیہ میں صحت عامہ سے متعلق نیشنل ہیلتھ سروس کے 10 سالہ منصوبے میں شراب نوشی کے تدارک کو ترجیح دینے کے لیے کافی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کورونا وبا کی وجہ سے برطانیہ بھر میں الکحل کی وجہ سے ہونے والی اموات میں تیزی سے اضافہ ہوا۔ وہ لوگ جو کم پیتے تھے انہوں نے زیادہ پینا شروع کردی تھی۔ کورونا وبا کے دوران جب شراب خانے بند تھے تو بہت سے لوگوں نے دکانوں سے شراب خرید کر اپنے گھروں پر بے تحاشا پینا شروع کر دی تھی۔ جائزے میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ زیادہ تر اموات مردوں میں ریکارڈ ہوئی ہیں جو 75 سال کی عمر میں شراب نوشی کی وجہ سے جگر کی بیماری سے مرے۔