عدالت عظمیٰ: بانی پی ٹی آئی کی درخواست سمیت اہم مقدمات سماعت کیلیے مقرر

65

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) عدالت عظمیٰ کے آئینی بینچ نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث شہریوں کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل، لاپتا افراد اور عام انتخابات میں دھاندلی سے متعلق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست سمیت اہم مقدمات سماعت کے لیے مقرر کردیے، عدالت عظمیٰ کے آئینی بینچ کی 6 سے10 جنوری کی کاز لسٹ جاری کر دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق عدالت عظمیٰ میں فوجی عدالتوں میں شہریوں کے ٹرائل کا کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا ہے۔جسٹس امین الدین کی سربراہی میں7 رکنی آئینی بینچ 7 جنوری کو کیس کی سماعت کرے گا۔ آئینی بینچ نے لاپتا افراد کیس بھی سماعت کے لیے مقرر کیا ہے۔ عدالت عظمیٰ کا 7 رکنی آئینی بینچ 8 جنوری کو کیس کی سماعت کرے گا۔ سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی رولنگ نظرثانی کیس بھی سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ آئینی بینچ حمزہ شہبازکی نظر ثانی درخواست پر9 جنوری کو سماعت کرے گا۔ ہائی کورٹ کے چیف جسٹسز کے صوابدیدی اختیارات کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔ عدالت عظمیٰ کا آئینی بینچ 10 جنوری کو مقدمے کی سماعت کرے گا۔ طلبہ تنظیموں پر پابندی کیخلاف درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔ عدالت عظمیٰ کا آئینی بینچ 10 جنوری کو کیس کی سماعت کرے گا۔ عام انتخابات میں دھاندلی سے متعلق بانی پی ٹی آئی کی آئینی درخواست سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔ انتخابی دھاندلی کے خلاف شیر افضل مروت کی درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے۔ عدالت عظمیٰ کا 7 رکنی آئینی بینچ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 جنوری کو کیس کی سماعت کرے گا۔