پلاسٹک کا بے جا استعمال خطرناک ہے، مریم اورنگزیب

11
self-proclaimed revolutionary vow

لاہور:پنجاب کی صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کاکہنا ہےکہ  وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب میں پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی کے نفاذ کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ محکمہ تحفظ ماحول نے 5 جون 2024 سے 2 جنوری 2025 تک 40 ٹن غیر قانونی پلاسٹک ضبط کیا، جسے مختلف مفید منصوبوں میں استعمال کیا جا رہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ  اسپتالوں میں بینچز اور سرکاری دفاتر میں کرسیاں مہیا کی جا رہی ہیں اس حوالے سے مستقبل میں ضبط شدہ پلاسٹک سے گٹروں کے ڈھکن بنانے کا منصوبہ ہے جس کے لیے سی اینڈ ڈبلیو اور لوکل گورنمنٹ سے مشاورت جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ 1754 کلوگرام پلاسٹک بیگز ضبط کیے گئے اور 85,000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ 75 مائیکرون سے کم حجم کے پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ 41 ہول سیلرز اور پروڈیوسرز کی محکمہ تحفظ ماحول کے ساتھ رجسٹریشن مکمل کر لی گئی ہے۔

مریم اورنگزیب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پلاسٹک بیگز کے استعمال سے گریز کریں اور ماحول دوست مصنوعات اپنائیں۔ ان کے مطابق پلاسٹک کا بے جا استعمال انسانی صحت اور زمین دونوں کے لیے خطرناک ہے جبکہ پلاسٹک کے ذرات خوراک اور پانی میں شامل ہو کر بیماریوں کا سبب بنتے ہیں اور پلاسٹک بیگز کے جلنے سے زہریلے کیمیکل پیدا ہوتے ہیں جو سانس اور دیگر بیماریوں کا باعث بنتے ہیں۔