نوجوان منور علی کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار،معمہ حل ہوگیا

105

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )کراچی کے نوجوان منور علی کے قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن میں نوجوان منور علی کے قتل کا معمہ حل ہو گیا، تفتیشی حکام نے قتل کیس میں نامزد ملزمہ سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔تفتیشی حکام کے مطابق مقتول کو گزشتہ سال اپریل میں قتل کیا گیا تھا، قتل کی واردات میں ملوث خاتون سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف 9 اپریل کو قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا،ملزمان پر شادی کے معاملے پر نوجوان کو قتل کرنے کا الزام ہے، ملزمان کو گرفتار ملزمہ سلمہٰ کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا ہے۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں میاں بیوی اور بیٹا شامل ہیں، منور علی کو قتل کرکے لاش شاہ لطیف کے علاقے میں پھینک دی گئی تھی، مقتول نوجوان کے اہلخانہ نے سلمہٰ نامی خاتون کو مقدمے میں نامزد کیا تھا، ملزمہ سلمہ نے انکشاف کیا کہ نوجوان کو 3 افراد کی مدد سے قتل کیا تھا۔