پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 2ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز کی ٹیم 6 جنوری کو پاکستان پہنچے گی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اس سیریز میں انگلینڈ کے خلاف بہترین کارکردگی دکھانے والے اسپنر ساجد خان کی واپسی کا امکان ہے، جس کے لیے ایک فاسٹ بولر کو اسکواڈ میں اپنی جگہ چھوڑنی پڑ سکتی ہے۔
ٹیم انتظامیہ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ اور پریکٹس میچ کے لیے مشاورت مکمل کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی اسپنرز کے لیے سازگار پچز بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جیسا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں کیا گیا تھا۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم10 سے 12 جنوری کے دوران راولپنڈی میں پاکستان شاہینز کے خلاف پریکٹس میچ کھیلے گی جب کہ دونوں ٹیسٹ میچز ملتان میں ہوں گے۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 17 جنوری اور دوسرا 25 جنوری کو کھیلا جائے گا۔