ڈھاکا: بنگلہ دیش کی درسی کتابوں میں بانی بنگلہ دیش کا نام ضیاء الرحمان کر دیا گیا اور کتابوں میں لکھا گیا ہے کہ 1971 میں آزادی کا اعلان میجر جنرل ضیاء الرحمان نے کیا تھا۔ کتابوں میں یہ تبدیلی 2025 کے اکیڈمک سال سے شامل ہوگی۔
بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق پرائمری اور سیکنڈری کے طلبا کی کتابوں میں تبدیلیوں کے نفاذ کےلیے عبوری حکومت نے سبجیکٹ اسپشلسٹ ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں مختلف گریڈز کی 33 نصابی کتابوں میں نظر ثانی کا جائزہ لیا جائے گا۔
ان معاملات کو دیکھنے والے ایک رکن کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیراعظم حسینہ واجد کے خیالات و نظریات اور تقاریر کو ٹیکسٹ بک سے خارج کر دیا جائے گا۔
ڈھاکا سے بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق ثانوی اور اعلیٰ ثانوی کلاس کے طلبا کی کتابوں میں بنگلہ دیش کے بانی کا نام ضیاء الرحمان کر دیا گیا ہے۔
بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق سابق وزیراعظم حسینہ واجد نے 2010 میں درسی کتابوں میں اپنے والد مجیب الرحمان کو 1971 کی آزادی کا اعلان کرنے والا لکھوایا تھا۔
بنگلہ دیشی محقق کے مطابق درسی کتابوں کو مبالغہ آمیزی اور مسلط کردہ تاریخ سے پاک کرنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ میجر جنرل ضیاء الرحمان بنگلہ دیش کے سابق صدر، آرمی چیف اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے بانی تھے۔