اسلام آباد:عدالت عظمیٰ کے آئینی بینچ نے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے عمران خان کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر لی۔یہ درخواست عمران خان نے شیر افضل مروت کے ذریعے دائر کی تھی۔
عدالت عظمیٰ کا 7 رکنی آئینی بینچ 7 جنوری منگل کے روز اس اہم کیس کی سماعت کرے گا۔
علاوہ ازیں آئینی بینچ نے پنجاب کے سابق ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کے خلاف نظرثانی کی درخواست کو بھی سماعت کے لیے مقرر کیا ہے۔ یہ درخواست حمزہ شہباز نے دائر کی تھی اور اس پر سماعت 9 جنوری جمعرات کے روز ہوگی۔
اسی طرح ہائی کورٹ کے چیف جسٹسز کے صوابدیدی اختیارات کے خلاف دائر درخواست کو بھی آئینی بینچ نے سماعت کے لیے منظور کر لیا ہے۔ سپریم کورٹ کا یہ بینچ 10 جنوری جمعہ کے روز اس کیس کی سماعت کرے گا۔
اس کے علاوہ لاپتا افراد سے متعلق کیس بھی سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ یہ کیس 8 جنوری بدھ کے روز سپریم کورٹ کے 7 رکنی آئینی بینچ کے سامنے پیش ہوگا۔