اسلام آباد:پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ عمران خان کے وکلا کی فیسوں کا حساب کتاب ہونا چاہیے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے میڈیا سے بات چیت میں عمران خان کے جیل میں قیام اور وکلا کی بھاری فیسوں کے حوالے سے وضاحت دی ہے۔
میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے جیل میں ایک دن رہنے سے حکومت پر لاکھوں روپے کے اخراجات آتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وکلا عمران خان کی ہدایت پر کیسز لڑتے ہیں اور ان کی فیسیں ہوتی ہیں، لیکن کروڑوں روپے کی ان فیسوں کو میں جسٹیفائی نہیں کروں گا۔
شیر افضل مروت نے یہ بھی واضح کیا کہ عمران خان کے لیے عطیات (ڈونیشنز) آتے ہیں یا پارٹی کے اراکین مالی تعاون فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ میں وکلا کی فیسوں کے طور پر تقریباً 7 کروڑ روپے علی امین خان نے ادا کیے ہیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ رقم کی دستیابی کا مطلب یہ نہیں کہ اسے بے دریغ خرچ کیا جائے۔
انہوں نے وکلا کی فیسوں کے لیے حساب کتاب اور شفافیت کی ضرورت پر زور دیا۔