آسٹریلوی سابق آل راونڈر شین واٹسن نے کہا ہے کہ یہ بدقسمتی ہے کہ بھارت چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان کا سفر نہیں کر رہا،پاکستان میں کافی عرصے سے کرکٹ شائقین لائیو کرکٹ سے محروم تھے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سڈنی ٹور کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا شین واٹسن نے کہا کہ بطور آسٹریلوی میں جانتا ہوں کہ انگلینڈ ہمارے لیے کتنا بڑا حریف ہے، پاکستان اور بھارت بھی اسی طرح بڑے حریف ہیں، کوئی بھی کرکٹ فین یہ میچ مس کرنا نہیں چاہتا۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان بھارت میچ دیکھنا ہر کوئی پسند کرتا ہے، جب بھی یہ دونوں ٹیمیں آپس میں کھیلتی ہیں چاہےآئی سی سی ایونٹس میں ہو ہمیں احساس ہوتا ہے کہ اس میں کیا داؤ پر لگا ہے۔
شین واٹسن کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں انعقاد ان کی پوری قوم کے لیے ایک خاص لمحہ ہے،پی ایس ایل کھیلنے پہلی مرتبہ جب پاکستان گیا وہاں کے لوگوں کی محبت اور جذبہ دیکھ کر بہت حیرانگی اور خوشی ہوئی ۔