وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انشاء اللہ 2025 پاکستان کے اقتصادی ترقی کا سنگِ میل ثابت ہوگا اور آج پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری نظر آ رہی ہے۔
اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ نے تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھو لیا ہے، چاول کی برآمدات سے قومی خزانے میں 4 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا اور تمام معاشی اشاریے اس بات کے ثبوت ہیں کہ پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کے لیے قومی سطح پر ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
انھوں نے مزید کہا کہ 2024 میں حکومت کے ساڑھے نو ماہ کے دوران مہنگائی میں چھ سال کی سب سے بڑی کمی آئی، شرح سود میں کمی کی گئی، ترسیلاتِ زر میں 34 فیصد اضافہ ہوا، برآمدات میں اضافہ ہوا اور زرِ مبادلہ کے ذخائر 12.5 ارب ڈالر کی مستحکم پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ تمام اقدامات اس بات کا کھلا ثبوت ہیں کہ نیا سال پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کے لیے اہم کردار ادا کرے گا، تاہم اس مقصد کے حصول کے لیے ہمیں سب کو مل کر اپنی ذمہ داریوں کو نبھانا ہوگا۔
شہباز شریف نے اجلاس میں شریک وفاقی وزرا، آرمی چیف، وزرائے اعلیٰ اور دیگر شرکا کو نئے سال کی مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ جیسے پچھلے سال کی طرح، اس سال بھی وہ پاکستان کے میکرو اکنامک اشاریوں کو بہتر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہماری حکومت کو مختصر عرصے میں اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا رہا، لیکن اللہ کی مدد سے ہم ان بحرانوں کا مقابلہ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ سرپلس چینی کی ایکسپورٹ سے 50 کروڑ ڈالر کا مزید اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ، چینی کی ایکسپورٹ کی وجہ سے اسمگلنگ بھی رک گئی ہے۔