حکومت سے مذاکرات ، پی ٹی آئی نے مطالبات پر عمران خان سے مشاورت کے لیے وقت مانگ لیا

147

اسلام آباد: حکومت اور پاکستان تحریک انصاف  کے درمیان مذاکرات کا دوسرا رائونڈ ختم ہوگیا، پی ٹی آئی نے تحریری مطالبات پر عمران خان سے مشاورت کے لیے مزید وقت مانگ لیا۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے بتایا کہ حکومت اور تحریک انصاف بات چیت جاری رکھیں گے، تیسری میٹنگ اگلے ہفتے ہوگی۔

حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن سینیٹر عرفان صدیقی نے مشترکہ اعلامیہ پڑھ کر سنایا۔

اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی نے عمران خان سمیت سیاسی قیدیوں کی رہائی، 9 مئی اور 26 نومبر کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا  ہے اور کہا ہےکہ مطالبات اگلی ملاقات میں تحریری طورپر پر پیش کیے جائیں گے۔

عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ طے پایا ہےکہ اپوزیشن کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد اگلی میٹنگ کی تاریخ طے ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے حکومت  سے سیاسی قیدیوں پر مزید کیس قائم نہ کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا کہ جو کیس موجود ہیں ان پر عدالتی فیصلوں کے مطابق عمل درآمد ہونا چاہیے، پی ٹی آئی کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی قیدیوں پر مزید نئے کیس نہ بنائے جائیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پی ٹی آئی کی جانب سے اپوزیشن لیڈر عمرایوب، وزیر اعلیٰ  خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور اسد قیصر، صاحبزادہ  حامد رضا،  راجا ناصر عباس اور سلمان اکرم راجا شریک ہوئے۔