پی ٹی آئی نے مذاکرات کیلئے اپنا ایجنڈا فائنل کر لیا: شوکت یوسفزئی

131

پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے مذاکرات کے لیے اپنا ایجنڈا فائنل کر لیا ہے۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی طرف سے سول نافرمانی کی تحریک برقرار ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج حکومت کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور شروع ہو گا، تحریک انصاف 2 نکات کو سرِ فہرست رکھے گی،حکومتی کمیٹی کا رویہ سنجیدہ رہا، مطالبات پر عمل درآمد ہوا تو تحریک کی واپسی پر بات ہو سکتی ہے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ 2 نکات پر عمل درآمد ہو گا تب بات چیت آگے بڑھ سکے گی، پہلا مطالبہ ہے کہ تحریک انصاف کے تمام گرفتار کارکنوں کو رہا کیا جائے، دوسرا مطالبہ ہے کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے،

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ان 2 مطالبات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، حکومت نے 2 نکات پر لچک نہ دکھائی تو سول نافرمانی کی تحریک جاری رہے گی۔