پرواز کے دوران دروازہ کھولنے کی کوشش پر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

278

ترکی کے شہر استنبول سے لندن جانے والی ایک پرواز کو اُس وقت اٹلی میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی جب ایک ٹین ایجر نے طیارے کا دروازہ کھولنے کی کوشش کی۔ ایزی جیٹ نامی ایئر لائن کا طیارہ لندن جارہا تھا کہ ساتھی مسافر سے جھگڑے کے دوران ایک 16 سالہ لڑکی نے پرواز کے دوران ہی دروازہ کھولنے کی کوشش کی۔

یہ سارا معاملہ اُس وقت شروع ہوا جب دروازہ کھولنے کی کوشش کرنے والی لڑکی کا، جو اپنی ماں کے ساتھ سفر کر رہی تھی، ایک اور لڑکی سے جھگڑا ہوا۔ اُس کے ساتھ بیٹھی ہوئی دس سالہ لڑکی کی طبیعت خراب تھی اور وہ کھانس رہی تھی۔ اس کی کھانسی سے یہ بڑی لڑکی مشتعل ہوگئی۔

طیارے کی 39 سالہ مسافر نیڈین نے بتایا کہ جھگڑا اُس وقت بڑھا جب کھانسنے والی لڑکی ریسٹ روم کی طرف گئی اور بڑی لڑکی نے اُس کا پیچھا کیا اور اُسے مغلظات بکنے لگی۔ جب چھوٹی لڑکی کی ماں نے آگے بڑھ کر بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش کی تو معاملہ بڑھ گیا اور بڑی لڑکی نے شدید اشتعال کے عالم میں دروازہ کھولنے کی کوشش کی۔

اس سے قبل طیارے کے عملے نے بھی معاملہ رفع دفع کرانے کی کوشش کی مگر بڑی لڑکی کسی کی بات نہیں سن رہی تھی۔ اُس نے عملے کو بھی گالیاں دیں اور طیارے کے پچھلے حصے میں جاکر دروازہ کھولنے کی کوشش کی۔ اُس نے ہینڈل بھی توڑ دیا۔

جب لڑکی کو وہاں سے ہٹایا گیا تو وہ پھر بھاگنے لگی اور ریسٹ روم سے نکلنے والے مسافر سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں دونوں کاک پٹ کے دروازے سے ٹکرائے اور وہ کھل گیا۔ مشتعل لڑکی نے اپنے جوتے مسافروں پر پھینکے اور عملے کو چاقو سے زخمی کرنے کی دھمکی بھی دی۔

اٹلی کے شہر بیری میں ہنگامی لینڈنگ کے بعد پولیس نے لڑکی کو تحویل میں لیا اور مسافروں کو ایک رات ایسے ہوٹل میں گزارنا پڑی جہاں انتظامات ناقص تھے۔