اسلام آباد: پاکستان میں انٹرنیٹ متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر پی ٹی اے کی جانب سے عوام کے لیے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے عوام کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا ہے کہ قطر کے قریب زیر سمندر کیبل ’’اے اے ای-1‘‘ میں خرابی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ یہ کیبل پاکستان کی بین الاقوامی انٹرنیٹ ٹریفک کے لیے استعمال ہونے والی 7اہم کیبلز میں سے ایک ہے۔
زیر سمندر کیبل کی خرابی کے باعث ملک بھر میں انٹرنیٹ اور براڈ بینڈ سروسز متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جس میں انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی یا کنکشن میں مشکلات کا سامنا پیش آ سکتا ہے۔
خرابی کو دُور کرنے کے لیے متعلقہ ٹیمیں فوری طور پر متحرک کر دی گئی ہیں اور مرمتی کام جاری ہے۔ پی ٹی اے صورت حال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔ اس حوالے سے عوام کو اس بارے میں اپ ڈیٹس فراہم کی جاتی رہیں گی۔
پی ٹی اے نے صارفین سے درخواست کی ہے کہ انٹرنیٹ سروس کی بحالی تک صبر اور تحمل کا مظاہرہ کریں یہ مسئلہ جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔