بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیاسی نظام میں عمران خان کی اہمیت ہے، بانی پی ٹی آئی پاکستان کو سیاسی اور معاشی عدم استحکام سے نجات دلا سکتے ہیں، یہ انہیں باہر لانے کا بہترین وقت ہے تاکہ وہ ملکی سیاست میں حصہ لے سکیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی سزا کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کا وقت آچکا ہے اور کوئی طاقت اس کو روک نہیں سکتی۔
فیصل چوہدری نے کہا کہ ایک طبقہ مذاکرات کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، مذاکراتی کمیٹی کو آج کے اجلاس کے بعد عمران خان سے ملاقات کی رسائی دی جائے، ملٹری کورٹس میں سویلینز کا ٹرائل درست نہیں ،بانی پی ٹی آئی اور پارٹی کے خلاف فسطائیت کا معاملہ چلے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ ٹو جھوٹے کیسز کی سیریز میں سے ایک کیس ہے، عمران خان کے خلاف پہلے چار فیصلوں جیسا فیصلہ ہی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا بھی ہوگا،یہ تمام سیاسی مقدمات ہیں، حقیقت تو ہے نہیں، پی ٹی آئی کو کریش کرتے ہوئے عدلیہ کا گلہ گھونٹ دیا گیا۔
فیصل چوہدری نے کہا کہ ہم آج کے مذاکراتی دور میں 9 مئی اور 26 نومبر کے معاملات پر جوڈیشل کمیشن اور اپنے سیران کی رہائی پر بات کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے کہا کہ انہیں بنی گالہ منتقل ہونے کی پیشکش ہوئی تھی، لیکن جب تک بغیر ٹرائل لوگ رہا نہیں کیے جاتے وہ کہیں منتقل نہیں ہوں گے، ملک میں شہری اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔