پشاور: خیبر پختونخوا میں بلدیاتی نمائندوں کے مطالبات منظور، دھرنا ختم

133

پشاور: خیبرپختونخوا ( کے پی کے )  کے دارالحکومت پشاور میں بلدیاتی نمائندوں کے مطالبات صوبائی حکومت نے منظور کرلیے ، جس کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  حکومتی مذاکراتی کمیٹی میں صوبائی وزیر فیصل ترکئی، وزیر بلدیات ارشد ایوب شامل  تھے ، دونوں وزرا نے دھرنے میں پہنچ کر بلدیاتی نمائندوں سے مذاکرات کرکے مطالبات منظور کرنے کے بعد دھرنا ختم کروادیا۔

مذاکرات کے بعد وزیر بلدیات نے بلدیاتی نمائندوں کو یقین دہانی کرائی کہ  20 دن میں بلدیاتی نمائندوں کے مطالبات پورے کیے جائیں گے، اس حوالے سے وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پورسے باقاعدہ میٹنگ کرکے مطالبات پیش کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ بلدیاتی نمائندوں کے فنڈنگ اور دیگر مطالبات جائز ہیں ان کو حق دیں گے، بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات پر کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ 4روز سے بلدیاتی نمائندوں نے پارلیمنٹ کے باہر دھرنا دیا ہوا تھا، صوبائی حکومت نے آنسوگیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کرکے دھرناختم کرانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے، جس کے بعد حکومت نے مذاکرات کے ذریعے دھرناختم کروایا۔