پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ضلع کرم کے مسئلے کے پر امن حل کے لیے صوبائی حکومت کی کوششیں رنگ لے آئیں، آج فریقین کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے، جو کرم کے دیرینہ تنازع کے پائیدار حل کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے۔
ضلع کوہاٹ میں کرم کی صورتحال پر طے پانے والے امن معاہدے پر رد عمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ امن حل کے لیے کردار ادا کرنے پر علاقہ عمائدین، فریقین، جرگہ ممبران، کابینہ اراکین، متعلقہ سول و عسکری حکام کا مشکور ہوں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خوش آئند بات ہے کہ فریقین کے درمیان معاہدہ طے پا گیا، معاہدے پر دستخط سے کرم کا زمینی راستہ کھلنے کی راہ ہموار ہوگئی، معاہدے پر دستخط کرنے پر فریقین کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ فریقین نے معاہدے پر دستخط کرکے علاقے میں امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا جو قابل ستائش ہے، معاہدہ فریقین کے درمیان نفرت پھیلانے والے عناصر کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ علاقے کے لوگ امن پسند ہیں۔ https://www.dawnnews.tv/news/card/1249846 وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فریقین سے اپیل ہے کہ وہ منافرت پھیلانے والے عناصر کومسترد کریں اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہمار ی کوشش اور خواہش ہے کہ کرم کے عوام کو درپیش مسائل جلد حل ہوں اور وہاں معمولات زندگی بحال ہوں۔