لاہور میں پولیس کی ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر بلڈ بینک کی سہولت متعارف کروا دی گئی ہے، جس کے تحت 10 ہزار پولیس اہلکار خون کے عطیہ دینے کے لیے بطور ڈونر رجسٹر ہو چکے ہیں۔
سیف سٹی اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق شہری 15 پر کال کر کے “چار” دباکر ایمرجنسی بلڈ بینک سے براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں، جس کے بعد سیف سٹی آفیسر بلڈ بینک کے ڈیٹا بیس سے مناسب ڈونر کا انتخاب کر کے کانفرنس کال کے ذریعے ان سے رابطہ کرائے گا۔
ترجمان کے مطابق اس کے علاوہ بلڈ ڈونر ایجنسیز اور طلبہ و طالبات کو بھی ڈیٹا بینک سے منسلک کر دیا گیا ہے تاکہ ضرورت کے وقت فوری طور پر خون کا انتظام کیا جا سکے۔
رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر 10 ہزار پولیس اہلکار خون کے عطیہ کے لیے رجسٹرڈ ہو چکے ہیں اور شہری سرکاری اسپتالوں میں قائم خدمت مراکز سے خون کا عطیہ حاصل کرنے یا دینے کی درخواست بھی کر سکتے ہیں۔