پشین:بلوچستان کے علاقے پشین میں لیویزفورس کی کارروائی میں مارخور کا غیر قانونی شکار کرنے کے الزام میں 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈائریکٹر محکمہ جنگلی حیات بلوچستان نیاز کاکڑ نے بتایاکہ لیویزفورس کے جوانوں نے خفیہ اطلاع پر شکار کیا گیا مارخور گاڑی سے برآمد کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا، جن کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ مارخور کا شکار تکتو کے علاقے میں کیا تھا، گرفتار افراد کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے یا اس سے زیادہ کا جرمانہ ہوسکتا ہے۔
خیال رہے کہ مارخور کے شکار کی صرف ٹرافی ہنٹنگ کے ذریعے اجازت ہے، جس کے لیے باقاعدہ وائلڈ لائف محکمہ سے اجازت لینی پڑتی ہے، جو فیس ادا کرنے کے بعد سرکاری طور پر این اوسی جاری کرتےہیں۔