کراچی:سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے مقدمات کی تفصیلات اور گرفتاری سے بچنے کے لیے سابق صدر مملکت عارف علوی کی درخواست آئی جی سندھ کی رپورٹ کے بعد نمٹادی۔
ہائی کورٹ کے آئینی بینچ کے روبرو مقدمات کی تفصیلات اور گرفتاری سے بچنے کے لیے سابق صدر عارف علوی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں ایف آئی اے کے بعد پراسیکیوٹر جنرل نے آئی جی سندھ پولیس کی رپورٹ جمع کرادی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ عارف علوی کیخلاف انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ زیر التوا ہے۔ یہ مقدمہ ان کے صدر پاکستان بننے سے پہلے درج ہوا تھا۔
ڈی ایس پی ریاض راجپر نے بتایا کہ یہ ایف آئی آر 2018 میں سول لائنز پولیس نے درج کی تھی۔ سابق صدرپر جلاؤ گھیراؤ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام تھا۔ یہ مقدمہ اے کلاس کردیا گیا تھا۔ ایف آئی اے گزشتہ سماعت رپورٹ جمع کراچکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے میں سابق صدر پاکستان کیخلاف کوئی مقدمہ درج نہیں ہے۔
بعد ازاں عدالت نے درخواست نمٹادی۔