پشاور: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام کاکہنا ہےکہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی عدالت کے علاوہ کسی اور کے اختیار میں نہیں، صوبائی حکومت کا د ہرا معیار نہیں ہونا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام نے خیبر پختونخوا ( کے پی کے) میں بلدیاتی نمائندوں پرتشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں پر طاقت کے بے رحمانہ استعمال نے پی ٹی آئی قیادت کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ جب موجودہ وزیر اعظم اپوزیشن میں تھے، تو ملک میں امن اور اقتصادی ترقی کے چارٹر پر بات چیت شروع کرنے کی کوششیں کی گئیں تاہم اس وقت کی پی ٹی آئی حکومت نے ان مواقع کو ضائع کیا اور طویل احتجاج کے ذریعے قوم کو صرف نقصان پہنچایا۔
امیر مقام کا کہنا تھا کہ مظاہرین کے خلاف آنسو گیس کے استعمال کرنا ظلم ہے، صوبائی حکومت میں بعض عناصر پر این ایف سی فنڈز میں خورد برد کررہے ہیں، ان کااحتساب کرنا چاہیے، کچھ سیاسی عناصر دھمکیوں اور پروپیگنڈے میں مصروف ہیں۔