فلسطینی انتظامیہ نے الجزیرہ کی نشریات روک دیں

167

فلسطینی اتھارٹیز نے قطر کے ٹی وی چینل الجزیرہ کی نشریات عارضی طور پر روک دی ہیں۔

فلسطینی اتھارٹیز نے چینل الجزیرہ کی نشریات عارضی طور پر روکنے کا جواز یہ پیش کیا ہے کہ الجزیرہ کی نشریات کے نتیجے میں اشتعال پھیلنے کا خدشہ ہے۔ دوسری طرف الجزیرہ کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ غربِ اردن کے علاقے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور اس حوالے سے رپورٹنگ کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

فلسطینی خبر رساں ادارے وفا نے بتایا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے الجزیرہ کو رپورٹنگ سے بھی روک دیا ہے اور وہاں سے نشریات بھی روک دی گئی ہیں۔ فلسطینی اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام حفظِ ماتقدم کے طور پر کیا گیا ہے کیونکہ الجزیرہ کی بعض رپورٹس اُکسانے والی ہیں۔ معاملات درست ہونے پر چینل کی رپورٹنگ اور نشریات بحال کرنے پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔

امورِ داخلہ، ثقافت اور مواصلات کے وزرا نے مل کر یہ فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات ظاہر کیے بغیر انہوں نے مشترکہ بیان میں کہا کہ الجزیرہ کی رپورٹنگ سے بگاڑ پیدا ہو رہا ہے کیونکہ غلط بیانی پر مبنی رپورٹنگ ہو رہی ہے اور اس کے نتیجے میں اشتعال بڑھ رہا ہے۔