اسلام آباد: وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ بانی تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) دوسروں کو کہتے تھے رسیدیں دکھا ئیں، اب عمران خان بھی رسیدیں دکھائیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے کہا کہ اگر عمران خان سرکاری تحائف کی رسید دکھا دیں تو انہیں کچھ نہیں کہا جائے گا، جو شخص جوڈیشل ریمانڈ پر ہوتا ہے تو رہائی عدالت سے ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے بھی بانی پی ٹی آئی کے بنائے جھوٹے کیس بھگتے، ہم نے مقدمے لڑ کر عدالتوں سے رہائی حاصل کی، باہر کسی کے پاؤں نہیں پڑے۔
ن لیگی رہنما کاکہناتھا کہ آئین و قانون کے دائرے میں جو مطالبہ ہو گا حکومت اس پر غور کرے گی، امید کرتا ہوں کہ پی ٹی آئی کے دوست بھی کھلے دل سے مذاکرات کریں گے، ہم چاہتے ہیں کہ سڑکوں پر فساد اور انتشار نہ ہو، اسی لیے مذاکرات کرکے معاملہ حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔