حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر لالہ جعفر خان نے کہا ہے کہ اپنے پھول جیسے بچوں کو ہمیشہ کی معذوری سے محفوظ رکھنے کے لیے انسداد پولیو کے دو قطرے ضرور پلوائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں سماجی تنظیموں کے نمائندوں و متعلقہ افسران سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں بھائی خان ویلفیئر کے بانی و جنرل سیکرٹری حاجی محمد یاسین آرائیں، یوتھ ویلفیئر سوسائٹی کے بانی و جنرل سیکرٹری سید فہیم الدین، تعلقہ چیئرمین لطیف آباد حاجی عبدالحمید مٹھو، عبدالوہاب نوری و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کا فرض ہے کہ پاکستان کو پولیو فری بنانے کے لیے پولیو مہم کے دوران اس قومی فریضہ کی ادائیگی میں اپنا اہم کردار ادا کریں کیونکہ صرف دو ممالک میں پولیو وائرس موجود ہے جس کا خاتمہ ہم سب کو مل کر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی تنظیمیں اس سلسلے میں ہمارا ساتھ دیں اور اپنے علاقوں میں آگاہی سیمینار منعقد کر کے اس موذی مرض سے متعلق لوگوں میں آگاہی فراہم کریں، جبکہ انکار کرنے والے والدین کو پیار محبت سے سمجھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیفائیڈ، خسرہ اور پولیو کے حوالے سے بھائی خان و یوتھ ویلفیئر نے ہمیشہ ہمارے ساتھ تعاون اور اس سلسلے میں آگاہی سیمینار بھی منعقد کرائے جو قابل تعریف ہے۔ اس موقع پر بھائی خان ویلفیئر کے بانی حاجی محمد یاسین آرائیں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں میں چکن گونیا، ڈینگی اور ملیریا کی بڑھتی ہوئی وباء کو مدنظر رکھتے ہوئے طبی کیمپ کا انعقاد کیا جائے، کیمپ میں ہیپاٹائٹس بی سی، ملیریا، ایچ آئی وی، ڈینگی اور ٹی بی کی اسکیننگ اور ویکسینیشن بھی کی جائے۔ اس سلسلے میں ڈی ایچ او نے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ جلد ان علاقوں میں طبی کیمپ آرگنائز کیے جائیں گے۔