شریعت کے نفاذ ہی سے عدل و انصاف ممکن ہے، رفیق منصوری

60

سانگھڑ (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ کے امیر رفیق منصوری نے کہا ہے کہ معاشرے عدل و انصاف سے ترقی پاتے ہیں، عدل و انصاف شریعت کے نفاذ ہی سے ممکن ہے، نوجوانوں کو نیو ائر نائٹ جیسی خرافات سے بچنا اور اسلامی اقدار و روایات کو فروغ دینا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوٹھ جان محمد کلوئی میں جماعت اسلامی جھول، جماعت اسلامی حاجی احمد لاکھو اور جماعت اسلامی جان محمد کلوئی کے امراء مقامات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا بنیادی مقصد اللہ کی حاکمیت قائم کرنا ہے اور اس کی جدو جہد کا یہی مقصد اور اسی مقصد کے حصول کے لیے وہ سالہا سال سے جدوجہد کر رہی ہے، اسلام کے مقابلے میں جتنے بھی نظریات تھے، شکست کھا چکے ہیں اور اب دہشت گردی اور غنڈہ گردی پر اُتر آئے ہیں، یہی وجہ ہے کہ نہ صرف پاکستان بلکہ ہر طرف دہشت گردی اور انتشار کا دور دورہ ہے، جماعتِ اسلامی عوام میں بیداری اور ممبر سازی مہم چلا رہی ہے کیونکہ ریاستی دہشت گردی کا مقابلہ دیانت دار قیادت عوامی بیداری ہی سے کرسکتی ہے۔ انہوں نے ذمہ داران جماعت پر زور دیا کہ جدوجہد تیز کریں اور عوام سے روابط کو بڑھایا اور عوام کو ملکی مسائل کا حل اسلام اور شریعت کے تناظر میں سمجھایا جائے۔