زراعت شماری کے اعداد و شمار جمع کرنے کی کوششیں سنگ میل ثابت ہونگی، حبیب اللہ

53

سجاول (نمائندہ جسارت) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو حبیب اللہ وگن نے کہا ہے کہ ساتویں ڈیجیٹل زراعت شماری سے متعلق فیلڈ آپریشن درست اور بروقت اعداد و شمار جمع کرنے کی کوششیں سنگ میل ثابت ہوگا، جس کی کامیابی کا دارومدار شمار کنندہ پر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینسس ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر محمد نوید عالم اور پاکستان ادارہ شماریات کے ہمراہ ضلع میں ساتویں زراعت شماری کے فیلڈ آپریشن کے افتتاح کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ حبیب اللہ وگن نے شمار کنندہ کو ہدایت کی کہ وہ پوری دلجمعی اور خوش اسلوبی کے ساتھ اس قومی ذمہ داری کو پورا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ساتویں زراعت شماری مربوط ڈیجیٹل شمار کے فیلڈ آپریشن کا آغاز 10 فروری تک جاری رہے گا، جس کا بنیادی مقصد زراعت کے شعبے میں پالیسی سازی کے لیے معتبر اعداد و شمار اکٹھا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں یہ زراعت شماری اپنی نوعیت کا پہلا “مربوط ڈیجیٹل شمار” ہوگا، جس میں فیلڈ آپریشن بشمول بڑے زمیندار اور بڑے مال مویشی رکھنے والے بھی مکمل طور پر شمار ہوں گے۔ انہوں نے ساتویں زراعت شماری کے انعقاد پر تمام متعلقہ محکموں بالخصوص پاکستان ادارہ شما ریات اور صوبائی حکومت کی مشترکہ کاوشوں کو سراہا۔