مٹیاری (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ نے زراعت شماری 2025 کے آپریشن کا باضابطہ افتتاح کرتے ہوئے عمارتوں پر نمبر شماری کے عمل کا آغاز کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر لیاقت علی گھانگھرو اور اسسٹنٹ کمشنر عبد الستار شیخ بھی موجود تھے۔ زراعت شماری کا عمل یکم جنوری سے 10 فروری تک جاری رہے گا، جس میں ضلع بھر کے 59 بلاکس شامل ہیں، جن میں 29 شہری اور 30 دیہی بلاکس شامل ہیں۔ مردم شماری کے لیے 4 سپروائزر اور 30 اینیومیریٹرز کو تعینات کیا گیا ہے، جبکہ 10 فیصد ریزرو عملہ بھی ہمہ وقت دستیاب ہوگا۔ عملے کا تعلق مختلف محکموں سے ہے، جن میں لائیو اسٹاک، زراعت ایکسٹینشن، فصل رپورٹنگ اور محکمہ تعلیم شامل ہیں۔ زراعت شماری کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پولیس کا تعاون بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ زراعت شماری کا بنیادی مقصد ملک میں زرعی شعبے کے قابلِ بھروسہ اعداد و شمار اکٹھا کرنا ہے تاکہ غذائی قلت کا خاتمہ اور زراعت کی پیداوار میں اضافہ ممکن ہو، یہ زراعت شماری زرعی شعبے میں ترقی کے لیے اہم معلومات فراہم اور حکومت کی پالیسیوں کے لیے بنیاد ثابت ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیرِاعظم کے وژن کے تحت اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کی رہنمائی میں یہ شماری پاکستان ادارہ شماریات کے زیرِ اہتمام منعقد کی جا رہی ہے۔