حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) کمشنر حیدرآباد ڈویژن بلال احمد میمن نے حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کی حیدرآباد میں ٹریفک کے مسائل اور ان کے حل کے لیے جامع سفارشات کو سراہتے ہوئے فوری نوعیت کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں۔ اُنہوں نے پارکنگ کے مسائل کے حل کے لیے غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات کے خاتمے، مالز اور مارٹس کی انتظامیہ کو مخصوص پارکنگ فراہم کرنے کا پابند بنانے اور نئی پارکنگ مینجمنٹ اسکواڈ کی تشکیل پر زور دیا۔ اُنہوں نے غیر قانونی بس اور رکشہ اسٹینڈز کے خاتمے کے لیے ہائی کورٹ کے واضح حکم پر اداروں کو ہر صورت عمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اِس کے ساتھ اجلاس میں نابالغ ڈرائیورز اور غیر معیاری گاڑیوں کے خلاف کارروائی اور حیدرآباد کی میں سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کمشنر حیدرآباد ڈویژن نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ قلیل المدتی، وسط المدتی، اور طویل المدتی حکمت عملیوں کے تحت مسائل کے حل کے لیے مربوط کوششیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے زیادہ تر مسائل تجاوزات اورغیر قانونی پارکنگ کی وجہ سے ہیں۔ اس سلسلے میں اگلی میٹنگ میں میئر حیدرآباد کاشف شورو اور دیگر حکام کی موجودگی بھی ضروری ہے اورا گلی میٹنگ میں حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کی جانب سے اُٹھائے گئے تمام ٹریفک مسائل پر ایک ورکنگ پیپر بھی پیش کیا جائے گا اور اس کی جلد منظوری کے لیے وزیراعلیٰ سندھ سے بھی ضرور بات کی جائے گی۔ یہ اجلاس حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد سلیم میمن کی جانب سے چیف سیکرٹری سندھ کو ٹریفک مسائل کے حوالے سے لکھے گئے شکایتی خط اور اُن کی ہدایات کے بعد طلب کیا گیا۔ اس سے قبل حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے سابق صدر محمد فاروق شیخانی نے ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے ایک جامع منصوبہ اور سفارشات پیش کیں، جس میں ٹریفک پولیس کے وسائل کا جائزہ، ضروری آلات کی فراہمی، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور آن لائن چالان سسٹم کے نفاذ جیسے اہم نکات شامل تھے۔