دھرنوں نے معیشت کا دھڑن تختہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ،وزیراعظم

51
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہورہاہے

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئے روز احتجاجوں نے معیشت کا دھڑن تختہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ، جو اہداف آئی ایم ایف کے ساتھ طے کیے ہیں ان میں اچھا خاصا فرق ہے، ترقی کے لیے برآمدات کے سوا کوئی آپشن نہیں۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئیان کا کہنا تھا اڑان پاکستان جیسا پروگرام پاکستان کی
معیشت کو استحکام دے گا، دسمبر کے مہینے میں اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، ہمیں گروتھ سیکٹر میں ٹیک آف کرنا ہے اور آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترقی کی بنیاد ہماری برآمدات ہیں، کراچی پورٹ پر فیس لیس انٹر ایکشن شروع ہوچکا ہے،کاروباری حضرات کو ریلیف ملا ہے، تیل کی اسمگلنگ میں بھی کافی کمی ہوئی ہے اور اسمگلنگ کے خاتمے کا کریڈٹ آرمی چیف کو جاتا ہے۔شہبازشریف کا کہنا تھا کہ5 مہینوں میں ترسیلات زر تقریباً 15 ارب ڈالر ہیں، کارکردگی یہی رہی تو ترسیلات زر 35 ارب ڈالر ہو جائیں گی جو ایک ریکارڈ ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے قربانیاں دے کر ہمارا مستقبل محفوظ بنایا، سپاہی اپنے خون سے پاکستان کی آبیاری کر رہے ہیں، انسانی اسمگلنگ کرنے والوں کو ہم نے نکیل ڈالی ہے۔علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے پی ٹی اے کے ممبران و چیئرمین کی تنخواہوں اور مراعات کے طریقہ کار اورانفارمیشن گروپ کے افسران کو انفارمیشن سیکشنز میں تعینات کرنے کی پالیسی کی منظوری دے دی جب کہ سٹیزن شپ ایکٹ میں ترامیم کی توثیق مؤخر کردی۔وزیراعظم نے گوادر بندرگاہ سے پچھلے3ماہ میں پبلک سیکٹر درآمدات کی تفصیلات کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔