اسلام آباد(اسپورٹس ڈیسک)اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے جولین تھرو میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم سمیت دیگر کھلاڑیوں کی تربیت کیلیے غیر ملکی کوچ کی خدمات لینے کا فیصلہ کرلیا۔اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان سے الحاق رکھنے والے یونٹس کی بڑی تعداد جس میں صوبے اور ڈیپارٹمنٹس بھی شامل تھے کے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس کی صدارت بریگیڈئر (ر) وجاہت حسین نے کی۔اس موقع پر پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کوخراج تحسین پیش کیا گیا اور اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ مستقبل میں ہونے والے مقابلوں کی تیاری کے لیے ارشد ندیم، یاسر اور شجر عباس کو بین الاقوامی معیار کے کوچز سے تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ مزید میڈل پاکستان جیت سکے۔اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی ساف کراس اتھلیٹکس چمپئن شپ کی تیاریاں تیز کر دی جائیں۔ اجلاس میں ملک بھر میں گراس روٹ سے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں ۔