کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان ہوٹلز ڈویلپرز لمیٹڈ کے شیئر ہولڈرز نے کمپنی کے رضاکارانہ خاتمے کی منظوری دے دی ہے۔پی ایچ ڈی ایل نے بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ایک نوٹس میں کہا کہ یہ فیصلہ منگل کو ہونے والے غیر معمولی جنرل اجلاس کے دوران کیا گیا۔ای او جی ایم میں منظور کی گئی قراردادوں کو شیئر کرتے ہوئے پی ایچ ڈی ایل نے بتایا کہ شیئر ہولڈرز نے فیصلہ کیا ہے کہ میسرز پاکستان ہوٹلز ڈویلپرز لمیٹڈ کو رضاکارانہ طور پر ختم کردیا جائے۔مزید برآں شیئر ہولڈرز نے کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز (بی او ڈی) کی جانب سے محسن فیروز الدین، مسرور ایف باویجا، مظفر باویجا، ظہیر باویجا اور زبیر الدین باویجا کو بغیر کسی معاوضے کے کمپنی کا لیکویڈیٹر مقرر کرنے کی سفارش کی منظوری دی۔گزشتہ ماہ پی ایچ ڈی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سولوینسی کے اعلان کی منظوری دی تھی جس کے بعد کمپنی کے رضاکارانہ طور پر بند ہونے کی راہ ہموار ہوئی تھی۔پاکستان ہوٹلز ڈویلپرز لمیٹڈ (پی ایچ ڈی ایل) 1979 میں تاج محل ہوٹلز لمیٹڈ کے نام سے ایک پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے طور پر شامل کیا گیا تھا۔ اسے 1981 میں پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کردیا گیا تھا۔ کمپنی کی بنیادی سرگرمی ہوٹل کا کاروبار ہونے کے علاوہ ایک فائیو اسٹار ہوٹل، ریجنٹ پلازہ ہوٹل اور کنونشن سینٹر، کراچی کا انتظام چلانا تھا۔