کمپٹیشن کمیشن اور پیپرا کے مابین ڈیٹا شیئرنگ کا معاہدہ

119

کراچی(کامرس رپورٹر)کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان اور پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت ، پیپرا اب کمپٹیشن کمیشن کو ، حکومت پاکستان کے ای پروکیورمنٹ سسٹم سے کی جانے والی خریداروں اور بڈنگ کی معلومات اور ڈیٹا تک بھی رسائی فراہم کرے گا۔دونوں ریگولیٹرز کے مابین اس اشتراک سے ای-پیڈز پلیٹ فارم کے ذریعے پبلک پروکیورمنٹ میں بڈرز کے گٹھ جوڑ کی روک تھام ممکن ہو سکے گی۔ e-PADS، حکومت پاکستان کا ای پروکیورمنٹ سسٹم ہے، جس کا ایڈمنسٹریٹر پپرا ہے۔مفاہمت کی یادداشت پر کمپٹیشن کمیشن کے چئیرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو اور پپرا کے منیجنگ ڈائریکٹر حسنات احمد قریشی نے کمپٹیشن کمیشن کے ہیڈ آفس میں ہونے والی ایک تقریب میں دستخط کیے۔ اس موقع پر کمیشن کے ممبر سلمان امین، ، رجسٹرار شہزاد حسین ، پروجیکٹ ڈائریکٹرای پروکیورمنٹپپیرا، شیخ افضال رضا اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔پیپرا نے پبلک پروکیورمنٹ کے نظام کو محفوظ ، شفاف اور موثر بنانے کے لئے ای پروکیورمنٹ سسٹم متعارف کرایا ہے اور تمام وفاقی اداروں کے لئے لازمی ہے اپنی تمام پروکیورمنٹ اور خریداریوں کو اس سسٹم کے ذریعے پروسیس کریں۔ کمپٹیشن ایکٹ کے تحت ، کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کا یہ مینڈیٹ ہے کہ پبلک پروکیورمنٹ کی ٹینڈرنگ اور بڈنگ میں ممکنہ گٹھ جوڑ اور گروہ بندی کے خلاف کارروائی کرے۔ دونوں اداروں کے مابین اس معاہدے کے تحت پیپرا ای پروکیورمنٹ کے ذریعے ہونے والی بڈنگ کے ڈیٹا کو کمپٹیشن کمیشن کے ساتھ شیئر کرے گا تاکہ مشتبہ ساز باز کی نشاندہی اور روک تھام کی جا سکے۔