نئے سال پر فائرنگ و دیگر واقعات میں بچے سمیت 9افراد جاں بحق،7زخمی

78

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر کے مختلف علاقوں میں نیو ائیر پر ہونے والی ہوائی فائرنگ سے بچے سمیت9افراد جاںبحق ہوئے دیگر واقعا ت میں خاتون سمیت 7افراد زخمی ہوگئے قصبہ کالونی سے انسانی دھڑ ملا ہے،میمن گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق خواجہ اجمیر نگری تھانے کی حدود نیوکراچی میں ہوائی فائرنگ سے زخمی ہونے والا 11سالہ بچہ علی رضا اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا ۔ادھر رات دیر گئے سعود آباد ملیر 15 نذد کالا بورڈ کے قریب ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہونیوالا شخص شبیر حیدر الصبح اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔ مقتول کے بھائی بھائی تقی حیدر نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ کوئی قانونی کارروائی نہیں کرنا چاہتے ۔ جبکہ قائدآباد لانڈھی شیرپاؤ کالونی کے قریب گھر میں فائرنگ سے 45سالہ جان محمد ولد فیروز خان جاں بحق ہوگیا ۔مقتول کی لاش کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔شیرشاہ تھانے کی حدود شیرشاہ عالمگیر روڈ آ صف لیبارٹری کے قریب بجلی کی پی ایم ٹی میں پھنس کر کرنٹ لگنے سے35سالہ شخص جاں بحق ہوگیا ، متوفی کی لاش کو ضابطہ کی کاروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے نامعلوم شخص کی لاش پی ایم ٹی پر پھنسی ہوئی ہے اور کے الیکٹرک کے عملے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔پولیس کا کہنا ہے پی ایم ٹی پر چڑھنے والا شخص چور تھا یا اس نے خودکشی کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ کورنگی چمڑا چورنگی آئل ریفائنری کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے جناح اسپتال پہنچائی۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 45 سالہ فیاض کے نام سے کی گئی جو کہ موٹر سائیکل پر سوار تھا جبکہ حادثے نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔دریں اثنا گلشن حدید تاج پمپ کے قریب ٹریفک حادثے میں نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال لیجائی گئی۔ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 24 سالہ انور کے نام سے کی گئی جو کہ راہگیر اور حادثہ کسی بڑی گاڑی کی زد میں آنے کا بتایا جا رہا ہے تاہم پولیس دونوں واقعات کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔پی آئی بی کالونی کراچی سینٹر کے قری ب چوتھے فلور سے گر کر 12 سالہ صبیح الدین نامی بچہ جاںبحق ہوگیا ، متوفی کی لاش کو اسپتال سے ضابطہ کی کاروائی کے بعد ورثاء کے سپرد کر دیا گیا ۔حب چوکی گڈانی اسٹاپ کے سے45سالہ خاتون کی لاش ملی، متوفی کی تاحال شناخت نہ ہوسکی ۔متوفی کی لاش کو قریبی تھانے سے ضابطہ کی کاروائی کے بعد لاش کو ایدھی ھوم سہراب گوٹھ ایدھی سرد خانے منتقل کر دیا گیا ۔ موچکو تھانے کی حدود بلدیہ حب ریور روڈ نزد لکی ہوٹل کے قریب ٹریفک حادثے میں 40سالہ شخص جاںبحق ہوگیا ۔متوفی کی لاش کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔