اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ سے انتخابی معاملے پر دیا گیا پہلا فیصلہ جاری کردیا گیا ہے۔ یہ نیا سال2025ءکا پہلا جاری کردہ تحریر ی فیصلہ ہے۔ عدالت عظمیٰ نے بلوچستان کے حلقہ پی بی45 کے15 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی کے ٹریبونل فیصلے کے خلاف علی محمد جتک کی اپیل خارج کرنے کے بارے میں تحریری فیصلہ جاری کردیا ہے۔ 25 صفحات پر مشتمل
فیصلہ جسٹس عقیل احمد عباسی نے تحریرکیاہے، درخواست کی سماعت جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں3 رکنی بینچ نے کی تھی۔ عدالت نے 20 نومبر2024ءکوکیس کی سماعت کے بعددرخواست خارج کی تھی۔ اب اس کیس کا تحریری فیصلہ جاری کیا گیا ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اپیل15 پولی اسٹیشن میں متنازع نتیجے کے خلاف دائرکی گئی تھی اور کہا گیا تھاکہ یہاں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں، الیکشن کے بعد فارم 45 تیار کیا گیا اور اس کے ساتھ فارم47 اور49 بھی فریقین کے روبرو تیار کیے گئے ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا۔ ریٹرننگ افسر کواس بات کااختیار نہیں تھاکہ وہ نتیجے کی تاریخ فریقین کوبتائے بغیر تبدیل کرسکے ،نتیجہ جاری کرنے سے قبل فریقین کونوٹس تک جاری نہیں کیے گئے۔