سان فرانسسکو:اسپیس ایکس اپنی جدید ترین ’’ڈائریکٹ ٹو سیل سروس‘‘ کی بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے، جو موبائل فون کالز کی دنیا میں انقلاب برپا کردے گی۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اور ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے سیٹلائیٹ کے ذریعے خلا سے براہ راست موبائل فون کالز کی سہولت فراہم کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ اسٹار لنک، اسپیس ایکس کا ذیلی ادارہ، اسمارٹ فون کنیکٹیویٹی کو ایک نئی دنیا میں لے جانے کے لیے تیار ہے۔
اس جدید سیٹلائیٹ سروس کے تحت صارفین اپنے پہلے سے زیراستعمال آئی فون اور اینڈرائیڈ موبائل فونز سے دنیا میں کہیں بھی کسی سے بھی رابطہ کر سکیں گے اور وہ بھی بغیر کسی اضافی ہارڈویئر تبدیلی کے۔ یعنی اسمارٹ فون میں صرف ایل ٹی ای سپورٹ ہونا کافی ہوگا۔ یہ ٹیکنالوجی اُن علاقوں میں بھی کام کرے گی جہاں عام حالات میں موبائل سروس میسر نہیں ہوتی، جیسے صحرا، سمندروں کے درمیان یا جنگلوں میں۔
اس منصوبے کے لیے سیٹلائٹس میں مخصوص موڈیم نصب کیے گئے ہیں جو انہیں موبائل ٹاور جیسا کردار ادا کرنے کی صلاحیت دیتے ہیں۔ یہ سیٹلائیٹ خلا سے براہ راست موبائل سگنلز فراہم کریں گے۔
اسپیس ایکس نے فیڈرل کمیونیکیشنز کمیشن (ایف سی سی) کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے کہ اس سروس کو ایپل اور گوگل سمیت مختلف بڑی کمپنیوں کے اسمارٹ فونز پر کامیابی سے آزمایا گیا ہے اور یہ ٹیکنالوجی ایل ٹی ای سپورٹ رکھنے والے کسی بھی اسمارٹ فون پر کام کر سکتی ہے، حتیٰ کہ آئی فون 14 جیسے پرانے ماڈلز بھی اس سے مستفید ہوں گے۔
یاد رہے کہ اگرچہ موجودہ آئی فونز میں سیٹلائیٹ کنیکٹیویٹی کی سہولت موجود ہے تاہم یہ صرف ایمرجنسی حالات میں میسجز تک محدود ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹار لنک کی یہ نئی ٹیکنالوجی صارفین کو اپنی مرضی سے پیغامات ٹائپ کرنے کے ساتھ بھیجنے کی مکمل آزادی دے گی، جو ایمرجنسی صورتحال میں زندگی بچانے میں مددگار ہو سکتی ہے۔
کمپنی کی جانب سےاپنی اس سیٹلائیٹ سروس کو کمرشل پیکیج کے طور پر لانچ کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، تاہم اس کی قیمتوں سے متعلق تفصیلات تاحال فراہم نہیں کی گئیں۔ اسپیس ایکس نے دنیا کے 8 مختلف ممالک میں اس سروس کے آغاز کے لیے معاہدے کر رکھے ہیں، جن میں امریکا، جاپان، نیوزی لینڈ، اور یوکرین شامل ہیں۔
ابتدائی طور پر یہ سروس صرف میسجنگ کی سہولت کے لیے دستیاب ہوگی جسے بعد میں وائس کالز اور ڈیٹا سروسز میں تبدیل کردیا جائے گا۔