حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) انجمن تاجران ریشم بازار کے صدر آصف میمن کونچ والا,جنرل سیکرٹری ایوب شیخ،چیئرمین عدنان خان دیسوالی و جملہ عہدیداران اور 45 رکنی مجلس عاملہ نے حیدرآباد پریس کلب کے سالانہ الیکشن میں عقیل ابراہیم جرنلسٹس گروپ اور ڈیموکریٹک جرنلسٹس گروپ کو کامیابی پر اور حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس گرین پینل کے نو منتخب عہدیداران کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے، آصف میمن کونچ والا نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے تہینیتی بیان میں کہا کہ پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران اور ایچ یو جے کے عہدیداران اپنا ایک مقام رکھتے ہیں، ان کی کامیابی پریس کلب اور حیدرآباد کے لیے خوش آئند ثابت ہو گی ،انہوں نے کہا کہ حیدرآباد پریس کلب نے ہمیشہ شہر اور شہریوں کے مسائل کو اجاگر کیا ہے، انہوں نے کہا کہ نومنتخب کابینہ حیدرآباد اورصحافیوں کے مسائل اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور مقتدر ایوانوں تک شہر صحافیوں کو درپیش مسائل کو پہنچانے اور اس کے حل کے لیے ہمہ وقت کوشش کرتی رہے گی۔ آصف میمن کونچ والا نے کہا کہ نو منتخب عہدیداران اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے خلوص اور ایمانداری سے اپنے فرائض منصبی ادا کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران اور دیگر صحافی اپنی صحافتی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دیتے ہوئے تاجر برادری اور شہریوں کے مسائل کو اپنے قلم کے ذریعے اقتدار کے ایوانوں تک پہنچائیں گے ۔حیدرآباد کی تعمیر و ترقی کے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ،انجمن تاجران ریشم بازار ایک بار پھر پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتی ہے۔