شام کے مستقبل اور تعمیر نو میں سعودی کردار اہم ہوگا، احمد الشراح

183

دمشق: شام میں بشار حکومت کے خلاف بغاوت کے سربراہ احمد الشراح نے کہا ہے کہ ملک کے مستقبل اور تعمیر نو میں سعودی کردار اہم ہوسکتا ہے۔

عرب میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں احمد الشراح نے شام میں اصلاحات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ملک کے مستقبل کے لیے سعودی عرب کے کلیدی کردار کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام کو دہائیوں کی آمریت کے بعد ایک نئے راستے پر ڈالنے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے جامع مردم شماری اور الیکشن کی تیاری ناگزیر ہے، جس میں کم از کم 4سال لگ سکتے ہیں۔

احمد الشراح نے سعودی عرب کی شام میں استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئےمزید کہا کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ اپنے ذاتی تعلقات پر بھی فخر محسوس کرتے ہیں کیوں کہ انہوں نے اپنا بچپن ریاض میں گزارا۔  سعودی عرب کے پاس شام میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع موجود ہیں، جو مستقبل میں شام کی تعمیر نو میں اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔ 

انہوں نے سعودی عرب کی کوششوں کو شام کے لیے نہایت مثبت قرار دیا۔