اسپیس ایکس رواں سال کا آخری مشن آج خلا میں روانہ کرے گا

257
Internet satellites

سان فرانسسکو: اسپیس ایکس رواں سال 2024 کا اپنا آخری مشن آج (31 دسمبر کو) خلا میں روانہ کرے گا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فالکن 9 راکٹ کے ذریعے اسٹارلنک براڈ بینڈ انٹرنیٹ سیٹلائٹس کو ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر (فلوریڈا) سے صبح 12:34 بجے لانچ کیا جائے گا۔

یہ روانگی اسپیس ایکس کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا نیٹ ورک ’’ایکس‘‘پر لائیو دکھائی جائے گی، جو لفٹ آف سے پانچ منٹ قبل شروع ہوگی۔ واضح رہے کہ یہ اسپیس ایکس کی 2024 میں 134ویں فالکن 9 پرواز ہوگی، جو گزشتہ سال کے 38 مشنوں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔

ان 134 لانچز میں سے 89 اسٹارلنک نیٹ ورک کی توسیع کے لیے وقف تھے، جو اس وقت دنیا کا سب سے بڑا سیٹلائٹ نیٹ ورک ہے۔

یاد رہے کہ اسٹارلنک نیٹ ورک میں اب خلا میں6,850 سے زائد فعال سیٹلائٹس موجود ہیں، جو انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کو عالمی سطح پر فراہم کرنے کے منصوبے کا حصہ ہیں۔ اسٹارلنک زمین کے ان حصوں کو تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے جہاں روایتی زمینی نیٹ ورکس دستیاب نہیں۔ اسپیس ایکس کی یہ پیشرفت مواصلاتی ٹیکنالوجی میں ایک بڑی کامیابی کی علامت ہے۔