چین میں نئی بلٹ ٹرین کا ماڈل متعارف،رفتار450کلومیڑ فی گھنٹہ

147
New bullet train model introduced

بیجنگ: چین نے نئی جنریشن کی بلٹ ٹرین سی آر 450 کا ماڈل متعارف کرواتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دنیا کی سب سے زیادہ تیز رفتار ٹرین بننے کی راہ پر گامزن ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق چین کی وزارت ٹرانسپورٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 29 دسمبر کو بیجنگ میں سی آر 450 کی رونمائی کی گئی، جس کی ٹیسٹ اسپیڈ 450 کلومیٹر (281 میل) فی گھنٹہ اور آپریشنل اسپیڈ 400 کلومیٹر (248.5 میل) فی گھنٹہ ہے۔

ایک بار کمرشل سروس میں آنے کے بعد، یہ چین کے موجودہ سی آر 400 ماڈل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کی تیز ترین رفتار کی حامل ٹرین بن سکتی ہے، سی آر 400 ماڈل ٹرین 2017 میں شروع کی گئی تھی اور 350 کلومیٹر (217 میل) فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی ہے۔سی آر 450 پروٹوٹائپ کو اس کے ڈویلپرز- سی آر آر سی چانگچن ریلوے وہیکلز اور سی آر آر سی سیفانگ کمپنی لمیٹڈ نے آپریشنل رفتار، توانائی کی بچت، کم شور اور بہترین کارکردگی کے لیے سراہا ہے۔

چین کے سرکاری اخبار چائنا ڈیلی کے مطابق اس ہائی اسپیڈ ٹرین نے تجارتی آپریشن کی سخت ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 3 ہزار سے زیادہ فرضی اور 2 ہزار سے زیادہ پلیٹ فارم ٹیسٹ کیے ہیں۔چائنا اسٹیٹ ریلوے گروپ نے کہا ہے کہ تجارتی آپریشنز کے لیے تمام ضروری معیارات پر پورا اترنے کو یقینی بنانے کے لیے مزید لائن ٹیسٹ اور اصلاح کی ضرورت ہے۔

چین کی وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق گزشتہ دہائی میں چین دنیا میں ریلوے کی ترقی کے لیڈر کے طور پر ابھر کر سامنے آیا ہے، چین نے ہزاروں کلو میٹرز نئی ریلوے لائنز تعمیر کی ہیں،۔

چین کے کونے کونے میں ریلوے نیٹ ورک کی رسائی کو یقینی بنایا گیا ہے، اس وقت چین میں ایک لاکھ 60 ہزار کلو میٹر تک پھیلا ہوا طویل ریلوے نیٹ ورک موجود ہے، اس میں 46 ہزار کلو میٹر ہائی اسپیڈ ٹرین کا نظام بھی شامل ہے۔