کیرالا کو مِنی پاکستان کہنے پر بھارت میں ہنگامہ

203

بھارت کی ریاست مہاراشٹر کے ایک وزیر نے جنوبی ریاست کیرالا کو مِنی پاکستان قرار دے کر ہنگامہ کھڑا کردیا ہے۔ نتیشن رانے نے کہا ہے کہ کیرالا میں راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کو دہشت گردوں نے منتخب کیا ہے اور یہ کہ کیرالا تو در حقیقت مِنی پاکستان کا درجہ رکھتا ہے۔

جب ہر طرف سے غیر معمولی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تو نتیشن رانے نے یہ کہتے ہوئے جان چُھڑانے کی کوشش کی کہ وہ دراصل لَو جہاد کے نام پر ہندوؤں کو مسلمان بنانے کے رجحان کی طرف لوگوں کی توجہ دلانا چاہتے تھے۔

نتیشن نے الزام لگایا کہ کانگریس دہشت گردوں کی حمایت کرتی ہے اور دہشت گردوں ہی کے ووٹوں سے راہل گاندھی اور اُن کی بہن پرینکا گاندھی کا انتخاب ہوا ہے۔ یہی حقیقت ہے جو خود اِن دونوں سے بھی پوچھی جاسکتی ہے۔

نتیشن رانے سابق مرکزی وزیر نارائن رانے کے صاحبزادے ہیں۔ یہ ساری باتیں انہوں نے مہاراشٹر کے ضلع پونا میں اتوار کو ایک ریلی کے دوران کہیں۔ یاد رہے کہ راہل گاندھی 2019 میں کیرالا کے حلقے وایاند سے لوک سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے اور 2024 میں ایک بار پھر رائے بریلی اور وایاند سے منتخب ہوئے۔

راہل گاندھی نے رائے بریلی کی نشست رکھنا پسند کیا اور وایاند کی نشست خالی کردی۔ یہ نشست ضمنی انتخاب میں اُن کی بہن پرینکا گاندھی نے جیتی۔ راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی سے کہا ہے کہ وہ نتیش رانے کو ریاستی کابینہ سے فارغ کرے کیونکہ وہ فرقہ وارایت پھیلارہے ہیں۔