عدالتیں نتائج کو تیز کرنے کیلئے دباؤ کے تحت کام کرتی نظر آتی ہیں، فواد چوہدری

163
The judges came to the decision

اسلام آباد:سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کاکہنا ہے کہ وکلاکو بھی کمرہ عدالت تک رسائی حاصل کرنے میں غیر ضروری دشواری کا سامنا ہے،عدالتیں نتائج کو تیز کرنے کے لیے دباؤ کے تحت کام کرتی نظر آتی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق فواد چوہدری نے انسداد دہشتگری عدالتوں کے انتظامی جج جسٹس ملک شہزاد کے نام خط ارسال کرتے ہوئے کہاکہ  ہائی کورٹ کی واضح ہدایات کے باوجود ججز میڈیا اور عوام کو ٹرائل تک رسائی نہیں دے رہے، قانونی مشیروں کے لیے بھی اہم رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں۔

انسداد دہشتگری عدالتوں کی سی سی ٹی وی ریکارڈنگ اور دستاویزات کے حصول کیلئے لکھے گئے خط میں مزید  کہا کہ چارج فریمنگ اور درخواستوں کے فیصلے کے لیے مناسب طریقہ کار پر عمل نہیں کیا جارہا، متعدد بار درخواستیں دینے کے باوجود ٹرائل کورٹس اہم دستاویزات اور ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ  راولپنڈی اور فیصل آباد کے اے ٹی سی سے سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کی تحویل کی ہدایت دی جائے، ان مقدمات کی سماعت کرنے والے ججوں کے طرز عمل کا فوری جائزہ لیا جائے،دستاویزات، عدالتی احکامات اور شہادتی مواد ملزم کے وکیل کو دینے کی ہدایات دی جائیں۔