بدین (نمائندہ جسارت)ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی کی زیر صدارت دربار ہال میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے تاجر تنظیموں کے نمائندگان، میونسپل اور ٹاؤن کمیٹیوں کے افسران اور پولیس افسران کے ساتھ اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی بدین شیراز نذیر، چیف آفیسر ڈسٹرکٹ کونسل اشوک کمار، وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی بدین علی اکبر میمن، ایس ایچ او بدین انور علی لغاری، ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی نے کہا کہ تجاوزات نے شہر کا قدرتی حسن وخوبصورتی کو ختم کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گا اور یہ آپریشن برابری کے اصول پر کیا جائے گا کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کا مقصد کسی مزدور یا دہاڑی دار طبقے کو بے روزگار کرنا نہیں ہے۔ انتظامیہ چاہتی ہے کہ ہر شہری اپنی حد میں رہ کر اپنا روزگار جاری رکھے، لیکن کچھ عناصر انتظامیہ کی نرمی کا غلط فائدہ اٹھا رہے ہیں، جن کے ساتھ اب سختی سے نمٹا جائے گا۔ روڈ پر سامان رکھنے والے دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بدین کے ہر چھوٹے بڑے شہر سے تجاوزات کا خاتمہ کرنے کے لیے تعلقہ سطح پر کمیٹیاں بنائی جائیں گی جن میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر، ڈی ایس پی، میونسپل کمیٹی یا ٹاؤن چیئرمین، تاجر تنظیموں کے نمائندے، اور آر ٹی اے شامل ہوں گے۔ ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی نے کہا کہ تجاوزات کا خاتمہ میونسپل کمیٹیوں اور ٹاؤن کمیٹیوں کی اولین ذمے داری ہونی چاہیے۔منتخب نمائندوں، چیئرمینوں، اور وائس چیئرمینوں کو اس سلسلے میں آگے آنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی بس ٹرمینل کو فعال کیا جائے گا اور گاڑیوں کے تمام اڈے شہر کے باہر منتقل کیے جائیں گے، جبکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو چوک سے شاہنواز چوک تک روڈ کو ڈبل کیا جائے گا روڈ کا کام فروری سے شروع کیا جائے گا۔ اس موقع پر ایس ایس پی بدین شیراز نذیر نے کہا کہ شہر میں ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے پولیس ہر وقت الرٹ ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور تاجر تنظیموں کے ساتھ مل کر تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، اور ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے چالان بھی کیے جائیں گے۔