حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات عاجز دھامراہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اس وقت وفاقی حکومت کا حصہ نہیں ہے، ہمارے پاس آئینی عہدے ضرور موجود ہیں لیکن پیپلزپارٹی کے پاس کوئی وزارت نہیں۔ سندھ کو وفاقی منصوبوں میں صحیح معنوں میں حصہ نہیں دیا جارہا۔وہ ضلعی جنرل سیکرٹری وسیم راجپوت کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کررہے تھے۔ عاجز دھامراہ نے کہا کہ دریائے سندھ پر کینالز بنانے پر بلاول زرداری کا موقف واضح ہے، کینال کسی بھی صورت نکلنے نہیں دیں گے اور اگر ہمارے موقف کو بلڈوز کرنے کی کوشش کی گئی تو پھر دمادم مست قلندر ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے کبھی جھوٹ اور انتشار کی سیاست نہیں کی، ہمارے کارکنان ڈی چوک پر کھڑے ہوکر پروپیگنڈہ کرنے والے لوگ نہیں ہیں، پی ٹی آئی کے لیڈر نے ڈی چوک پر فائرنگ کے متنازع اعدادوشمار بنائے ہم سیاسی کارکنوں کو گولی تو دور لاٹھی لگنے کے بھی خلاف ہیں۔ پی ٹی آئی کے لوگ سیاست کم اور گمراہ کن پروپیگنڈہ زیادہ کرتے ہیں، انہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی نے ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے ن لیگ کو حکومت بنانے میں ساتھ دیا لیکن مسلم لیگ(ن) نے پیپلزپارٹی کے ساتھ کئی جگہ زیادتیاں کیں، سندھ کو وفاقی منصوبوں میں صحیح معنوں میں حصہ نہیں دیا جارہا ہے۔ مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ وعدہ خلافی کی ہے وہ اس کیلیے مشہور ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کے ساتھ حکومتی حمایت پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔