ناظم آباد اور نارتھ ناظم آباد ٹاؤنز کے اشتراک سے محفل مشاعرہ کا انعقاد

149

کراچی(نمائندہ جسارت) چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن سید محمد مظفر اور چیئرمین نارتھ ناظم آباد ٹاؤن عاطف علی خان کی جانب سے عیدگاہ گراؤنڈ ناظم آباد میں شب سخن(محفل مشاعرہ) کا انعقاد، چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن کی جانب سے گل داؤدی کی نمائش کا بھی اہتمام، چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن سید محمد مظفر، چیئرمین نارتھ ناظم آباد ٹاؤن عاطف علی خان اور وائس چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن نعمان صدیقی نے مشاعرے میں آنے والے مہمانوں کا استقبال کیا۔ مشاعرے کے پنڈال کو برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا، سامعین کیلیے فرشی نشستوں کے ساتھ کرسیاں بھی رکھی گئیں، سحر انصاری کی زیر صدات ہونے والے مشاعرے میں نظامت کے فرائض ڈاکٹر عنبرین حسن عنبرین، شکیل خان نے سر انجام دیے، منتظم مشاعرہ عرفان معطر تھے، ملک کے معروف شعرا تاجدار عادل، رخسانہ صبا، جاوید صبا، خالد عرفان، سلمان صدیقی، محمود غزنوی، اختر علیم صدیقی، عمران عامی، ڈاکٹرفیاض وید، عبدالحکیم ناصف، خلیل اللہ فاروقی، سید شائق شہاب، رحمٰن فارس، عمیر نجمی، علاؤالدین خانزادہ، عبدالرحمٰن مومن، یحییٰ سرور چوہان، صوفیہ زاہد، نوید شیخ نمبردار، اویس قرنی اور عقیل دانش نے اپنے کلام پیش کرکے شرکائے محفل سے داد وصول کی، مشاعرے میں ڈاکٹر سیف الرحمنٰ، اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد ہاشم مسعود، اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد عمیر احمد، میونسپل کمشنر ناظم آباد ٹاؤن اطہر سعید، ناظم آباد ٹاؤن اور نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کے یوسی چیئرمینز، وائس چیئرمینز، ٹاؤنز کے افسران کے ساتھ کراچی کے اہل ذوق نے اہل خانہ کے ساتھ شرکت کرکے محفل کو رونق بخشی۔ چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن سید محمد مظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناظم آباد ہمیشہ سے خاص اہمیت کا حامل رہا ہے، تقسیم ہند کے بعد پاکستان ہجرت کرکے آنے والوں نے ناظم آباد کو بسایا، اپنی تہذیب ساتھ لائے اس وجہ سے ناظم آباد تہذیبوں والا ناظم آباد کہلاتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کہ ناظم آباد کی تاریخ رہی ہے کہ یہاں عالمی مشاعرے ہوتے تھے، اب ہم اس کی تجدید کر رہے ہیں ہم مشاعرے کی تہذیب کو دوبارہ بحال کررہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی ادبی محافل سے کراچی کے شہریوں کو کچھ خوشی کے لمحات میسر ہوتے ہیں۔ اس طرح کی محافل شہریوں اور ادب سے محبت کرنے والوں کیلیے بہت اہمیت رکھتی ہیں، ہم عوام کو صحت مند تفریح فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن سید محمد مظفر نے پھولوں کی نمائش کے انعقاد اور بہترین انتظامات کے حوالے سے ڈائریکٹر پارکس آصف حسین، ڈائریکٹر سینی ٹیشن ظہیر احمد اور ان کے عملے کی خدمات کو سراہا۔