پشاور (صباح نیوز)عمران خان کی ہدایت پر قائم کی گئی پاکستان تحریک انصاف کی احتساب کمیٹی نے صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر برائے سوشل ویلفیئر قاسم علی شاہ کو اختیارات سے تجاوز اور مبینہ کرپشن کے الزامات پر طلب کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق کمیٹی کو قاسم شاہ کے خلاف بحیثیت وزیر صحت اور وزیر سوشل ویلفیئر شکایات ملیں۔ ذرائع نے بتایا کہ قاسم شاہ سے 6 ماہ قبل محکمہ صحت کا قلمدان واپس لے کرسوشل ویلفیئر کا قلمدان دیا گیا تھا۔ قاسم علی شاہ سے متعلق کمیٹی اپنی رپورٹ بانی پی ٹی آئی کو جمع کرائے گی اور احتساب کمیٹی میں مصدق عباسی، شاہ فرمان اور قاضی انور ایڈووکیٹ شامل ہیں۔ قاضی انور ایڈووکیٹ کا کہنا تھاکہ قاسم علی شاہ کو طلب کیا ہے، شکایات ان کے سامنے رکھیں گے، قاسم علی شاہ عاید الزامات کا جواب جمع کرائیں گے۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں احتساب کمیٹی کی سفارش پر خیبر پختونخوا کابینہ سے شکیل خان کو ہٹایا گیا تھا۔